بشری ٰ بی بی پر الزامات، مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے: فواد چوہدری
اسلام آبا د(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز مسلسل بشریٰ بی بی کو نشانہ بنا رہی ہیں اس لیے بشریٰ بی بی کی طرف سے ان کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے جا رہے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بڑی اچھی پیش رفت ہے کہ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف وزری پر جاگ رہی ہے اور اب سو سے زیادہ کانگریس مین امریکی سیکرٹری انٹونی بلنکن کو خط لکھ رہے ہیں جس میں وہ ان کو آگاہ کر رہے ہیں کہ پاکستان میں زیر حراست تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ جرمنی کے سفیر بھی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے پاس آئے تھے جن کو ہم نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو بھی اس معاملے پر تفتیش کرنی چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود مسنگ پرسن کے معاملات بڑھتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اٹھانا، برہنہ کرکے تشدد کرنا ایک ایسا جرم ہے جس پر کوئی آنکھیں بند نہیں کر سکتا، لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے اگر لوگ اغوا ہو رہے ہیں اور ان کے کوئی حقوق نہیں ہیں تو پھر یہ آپ ریاستِ پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے ہیں کہ تمام ادارے آئین کے آرٹیکل 190 کے تحت سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدآمد کرنے کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مریم نواز نے ایک تقریر کی جس میں چیف جسٹس پاکستان اور دیگر ججز کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا، مسلم لیگ (ن) تین ججز اور دو ترقی پانے والے ججز کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کر رہی ہے اسی طرح 15 میں سے 8 ججز مسلم لیگ (ن) کے نشانے پر ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور مریم نواز ان ججز کو اس لیے نشانہ بنا رہی ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم کے خلاف درخواست پر سماعت کرنے والی چیف جسٹس اور دو ججز پر مشتمل بینچ ٹوٹ جائے اور وہ اپنا فیصلہ نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم کا کیس وہ طوطا ہے جس میں ان خاندانوں کی جان پھنسی ہوئی ہے کیونکہ اگر سپریم کورٹ نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے گا تو ان کے 11 سو ارب روپے کے مقدمات پھر سے بحال ہو جائیں گے اس لیے ان ججز پر توجہ دی جا رہی ہے۔۔حکومتی اتحاد سے مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اندرونی سیاست مذاکرات کو نقصان پہنچا رہی ہے، مریم نوز کا گروپ جس کے ساتھ احسن اقبال، خواجہ آصف اور جاوید لطیف ہیں یہ نقصان پہنچانے کے لیے اسحٰق ڈار، سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ کو احمکانہ بیانات دے رہے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ مذاکرات آگے نا بڑھیں جبکہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم نے کوشش کی ہے کہ معاملات آگے بڑھیں۔
فواد چوہدری
اسلام آباد (این این آئی)وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ قوم کو ماموں بنانے والے سپریم کورٹ کے مامے نہ بنیں۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ مریم نواز کو نوٹس نہ بھیجیں، بشری بی بی عدالت میں پیش ہو کر کرپشن کا جواب دے جہاں خاوند منہ پر بالٹی پہن کر جاتاہے،بشرا بی بی خاوند کو منہ پہ بالٹی ڈال کر عدالت لے کر جائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ٹرک چھپاؤ یا پہنچاؤ تحریک کی پریس کانفرنس تھی۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن، وکلاء، صحافیوں اور سیاسی مخالفین پر گند اچھالنا گالی دینا دھمکانا عمران خان کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو خلاف بات کرے وہ وکلاء پے رول پے ہیں اور صحافی لفافے ہیں، الیکشن کمیشن بکاؤ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو غلامی نہ کرے وہ مسلم لیگ (ن) کے پے رول پر اور جو صحافی حق کی بات کرے وہ لفافہ،190 ملین پاؤنڈ کے لفافے کا جواب دو جو فراڈ نیازی نے فراڈ کرکے اپنے سپانسر کو خیرات کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پورا قومی خزانہ عمران مافیا کے نشانے پرتھا،عدلیہ کا اختیار پارلیمنٹ نے شفاف بنایا ہے،منصب، کرسی اور اختیار کا ناجائز استعمال سب سے بڑی آئین شکنی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ 14 مئی کو انتخابات کرانا ممکن نہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کور کمیٹی میں بحث کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ ہمیں پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔
وزیر داخلہ