عمران خان کل پیش نہ ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں خارج تصور ہوں گی ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر عمران خان کو پیشی کیلئے کل تک کی مہلت دیدی،عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی گئی۔عدالت نے کہاکہ عمران خان کل پیش نہ ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں خارج تصور ہوں گی ۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بغاوت، اقدام قتل ، جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ مقدمات کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی، عدالت نے کہاکہ ہمیں پتہ ہے آپ کے خلاف مختلف کیسز ہیں لیکن ہم کیا کر سکتے ہیں ، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپ نے پرائیویٹ ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ دی ہے، سرکاری ہسپتال کی نہیں ،آپ کو پتہ ہے کریمنل کیسز میں سرکاری ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ عدالت دیکھتی ہے ۔
وکیل عمران خان نے کہاکہ ہم سرکاری ہسپتال سے بھی چیک اپ کیلئے تیار ہیں،ہم نے کبھی میڈیکل گراﺅنڈ پر درخواست نہیں کی، پہلی دفعہ دی ہے،عدالت نے کہاکہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں، اس کیس میں 7 سے 8 روز کی ضمانت بنتی تھی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا اگر عام آدمی یہی کرے تو کیا اس کی ضمانت برقرار رہے گی؟وکیل نے کہاکہ 5 روز پہلے عمران خان اسی عدالت کے سامنے حاضر ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ اس آرڈر کی سرٹیفائیڈ کاپیز نکلیں گی اور پورے ملک میں پھیل جائیں گی،کبھی ٹانگ میں درد ہے کبھی سکیورٹی کا مسئلہ ہے، بار بار ان کیسز میں التوا مانگاجارہاہے۔
وکیل نے کہا کہ کبھی لاہورہائیکورٹ میں ایک بات ہوئی حالات بھی غیرمعمولی ہیں،کل عدالت نے پوچھا کیا آج تک پاکستان کی ہسٹری میں 140 کیسز کسی پر بنے ہیں،عدالت نے کہاکہ ہم اپنے آرڈر کا کیا کریں کیونکہ ہم نے اس میں لکھا تھا ضمانت کا آرڈر واپس لے لیں گے ، ہم نے یہ نہیں لکھا تھا آرڈرپر دوبارہ نظرثانی کریں گے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہم کسی کیلئے مختلف قوانین نہیں بنا سکتے،وکیل نے کہاکہ میں لمبی تاریخ نہیں مانگتا لیکن 4 سے 5 دن دے دیں، چیف جسٹس نے کہاکہ کل پیش ہوجائیں تو ٹھیک ورنہ عبوری ضمانتیں خارج ہوں گی، آپ دیکھ لیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ عدالت کے اپنے واحد فیس سیونگ یہی ہے،کل اگر پیش نہیں ہوتے تو عبوری ضمانت خارج ہو جائے گی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ اگر عمران خان کل پیش نہ ہوئے تو ضمانت مسترد کردی جائے گی ،عمران خان کیس کو التوا میں ڈال رہے ہیں،قبل ازگرفتاری کی درخواست میں استثنیٰ کہاں دیاجاتا ہے؟آپ بتائیں اب ہم کیا کریں ؟
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کسی عام آدمی کی ایسی درخواست آتی ہے تو منظور ہو گی؟جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کل کوئی کریمنل اس کیس کے آرڈر کا فائدہ اٹھائے گا۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ کل ایمبولینس میں بھی آنا پڑا تو آئیں گے ،عدالت نے عمران خان کو پیشی کیلئے کل تک کی مہلت دیدی،عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی گئی،عدالت نے کہاکہ عمران خان کل پیش نہ ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں خارج تصور ہوں گی ۔