خود کو کیا سمجھتے ہو، اے سی بن کر شرم آنی چاہئے؛چیئرمین قائمہ کمیٹی رانا قاسم نون نے اے سی کو شٹ اپ کال دیدی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد اور ضوابط و استحقاق کمیٹی رانا قاسم نون نے دوران اجلاس اسسٹنٹ کمشنر ( اے سی) جڑانوالہ کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے کہاکہ خود کو کیا سمجھتے ہو، اے سی بن کر شرم آنی چاہئے،آپ جھوٹ بول رہے ہو، چلو اٹھو جاﺅ!15 منٹ میں ان کا مسئلہ حل کرو۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے قواعد اور ضوابط و استحقاق کمیٹی کا اجلاس ہوا،چیئرمین کمیٹی رانا قاسم نون نے اے سی جڑانوالہ کو جھاڑ پلا دی،نواب شیروسیر کی شکایات پر اے سی جڑانوالہ کو کمیٹی روم سے باہر نکال دیا۔
دوران اجلاس نواب شیروسیرنے کہاکہ اے سی جڑانوالہ کو عوامی مفاد میں فون کئے مگر رسپانس نہیں دیا، اے سی جڑانوالہ میری سیاست میں مداخلت کررہے ہیں۔
ڈی سی فیصل آباد نے کہاکہ آٹے کی تقسیم تھی جس کی وجہ سے اے سی رسپانس نہیں کر سکے،یقین دلاتے ہیں آئندہ ایسی غلطی نہیں ہو گی ۔
نواب شیر وسیر نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے 40 لاکھ روپے پٹواریوں سے اکٹھے کئے،مجھ سے ہارے ہوئے طلال چودھری سے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرایاگیا۔
اے سی جڑانوالہ نے کہاکہ میرا بھائی سینیٹر ہے، سیاسی گھرانے سے ہوں، ایسا سوچ بھی نہیں سکتا، کئی بار فون کیا، نواب شیروسیر نے جواب نہیں دیا۔
چیئرمین رانا قاسم نون نے کہاکہ خود کو کیا سمجھتے ہو، اے سی بن کر شرم آنی چاہئے۔
رانا قاسم نون نے اے سی کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے کہاکہ آپ جھوٹ بول رہے ہو، چلو اٹھو جاﺅ!15 منٹ میں ان کا مسئلہ حل کرو۔