کے ای ایس سی نے 86 ملازمین برطرف کر دیئے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے غیر معیاری کارکردگی پر 86 ملازمین کو برطرف کر دیا۔ برطرف ملازمین نے کل پریس کلب کے سامنے خود سوزی کرنے کا اعلان کر دیا۔ کے ای ایس سی میں بحیثیت منیجر اور اسسٹنٹ منیجر فرائض سرانجام دینے والے 86 ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے۔ یہ ملازمین 15 سے 20 سال سے ادارے میں کام کر رہے تھے۔ انتظامیہ کے مطابق برطرف کئے جانے والے ملازمین کی کارکردگی غیر معیاری تھی۔ برطرف ملازمین کا کہنا ہے انہیں کوئی شوکاز نوٹس یا وارننگ نہیں دی گئی۔ ادارے کے اقدام کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے برطرف ملازمین نے کل پریس کلب کے باہر خود سوزی کرنے کا اعلان کیا ہے۔