انعامی بانڈز کی قرعہ اندازیاں 3نومبر کی بجائے 5نومبر کو ہوں گی
لاہور(کامرس ڈیسک) یوم عاشور کی تعطیلات کے باعث سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی جانب سے25000 اور 7500 روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازیاں بدھ5 نومبر کو ہوںگی۔قبل ازیں مذکورہ قرعہ اندازیوں کا شیڈول یکم نومبر بروز ہفتہ کو طے تھامگر چونکہ ہفتہ واتوار کو بینکوں میں ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے لہٰذا یہ قرعہ اندازیاں 3نومبر بروز پیر کیلئے ری شیڈول کی گئیں تاہم اب جبکہ وفاقی حکومت نے 3نومبر بروز پیر اور 4نومبر بروز منگل کو یوم عاشور کے سلسلہ میں 2عام تعطیلات کا اعلان کیاہے لہٰذا مذکورہ قرعہ اندازیاں بھی تعطیلات کے باعث ملتوی کردی گئی ہیں۔اب یہ قرعہ اندازیاں5نومبر بروز بدھ کو ہوںگی۔25ہزار روپے مالیت کے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی سٹیٹ بینک آف پاکستان حیدر آباد میں ہو گی جس کا پہلا انعام 5کروڑروپے کا ایک ، دوسرا انعام ایک کروڑ 50لاکھ روپے کے تین ا ور تیسرا انعام 3لاکھ 12ہزار روپے کے 1696 انعامات ہیں ۔
مذکورہ قرعہ اندازی رواں سال کی 28ویں اور مجموعی طور پر11ویں قرعہ اندازی ہے۔ 7500 روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈزکی قرعہ اندازی سٹیٹ بینک آف پاکستان راولپنڈی میں 5نومبر کو منعقد ہوگی جو رواں سال کی 27ویں جبکہ مجموعی طور پر 60ویں قرعہ اندازی ہے۔اس قرعہ اندازی کا پہلا انعام ڈیڑھ کروڑ روپے کا ایک، دوسراانعام 50لاکھ روپے کے تین اور تیسرا انعام 93ہزار روپے کے 1696انعامات ہیں۔ انہوںنے بتا یا کہ اس قرعہ اندازی میں فی سیریز 1700انعامات دیئے جائیں گے۔