حریت رہنماسید علی گیلانی علاج کیلئے نئی دہلی چلے گئے

حریت رہنماسید علی گیلانی علاج کیلئے نئی دہلی چلے گئے

  

 سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماسید علی گیلانی علاج ومعالجہ کیلئے نئی دلی چلے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بزرگ رہنما کی سر پرستی میں قائم فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بزرگ رہنما دہلی میں اسکارٹس اسپتال کے ماہر امراض قلب ڈاکٹرٹی ایس کیلیر کے زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کئی دنوں سے دل کی دھڑکن میں تیزی محسوس کررہے تھے ۔ دہلی روانہ ہونے سے قبل بزرگ حریت رہنما نے مقبوضہ علاقے کی موجودہ ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے گھر گھر ماتم چھایا ہوا ہے، سردی کا موسم شروع ہونے کے باعث لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ،قابض انتظامیہ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بالکل ناکام ہوچکی ہے اور لوگوں کے رہنے سہنے کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر کے عوام پریشان حال ہیں، ایسے میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کا اعلان انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا ایک ایسے وقت میں متاثرین کھانے کو روٹی اور سر چھپانے کیلئے جگہ میسر نہیں، گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز تر کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا ڈھونگ رچانے کے لیے وادی کشمیرجیل خانے میں تبدیل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حریت رہنما ؤں اور کارکنوں کو بھی جو محض انسانی ہمدردی اور اخلاقی بنیادوں پر متاثرین تک ریلیف پہنچانے کا کام کرتے تھے ،گھروں اور تھانوں میں نظر بند کیا جا رہا ہے اور اس طرح سے متاثرین کو قطعی طور پر حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -