نام نہا د انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ہرگز متبادل نہیں، ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ

نام نہا د انتخابات کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ہرگز متبادل نہیں، ڈیموکریٹک ...

  

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچایا جانے والا نام نہاد اسمبلی انتخابات کا ڈرامہ کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں، کشمیری بھارتی تسلط سے نجات کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی جد وجہد مقصد کے حصول تک ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے جنرل سکریٹری ا یڈوکیٹ محمد شفیع ریشی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور فراڈ انتخابات کے ذریعے اسکی اس حیثیت کو ہرگز متاثر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت حریت قیادت کا سیاسی طریقے سے مقابلہ کرنے کے بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ ا یڈوکیٹ محمد شفیع ریشی نے کہا کہ سات لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں نتخابی عمل کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے بھارتی پولیس کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریوں، مظالم اور تشدد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔

مزید :

عالمی منظر -