ترک صدرکیلئے وائٹ ہاؤس اوربکنگھم پیلس سے بھی بڑامحل تیار،اپوزیشن کی تنقید
انقرہ(این این آئی)ترکی کے نو منتخب صدر رجب طیب ایردوآن کیلئے نئی سرکاری رہائش گاہ کا انتظام کیا گیا ہے جو کہ وائٹ ہاؤس، کریملن اور بکنگھم محل سے بڑا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنگل کی 50ایکڑ زمین پر تعمیر کیا گئے اس محل میں ہزار کمرے، زیر زمین سرنگیں، انسداد جاسوسی کیلئے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ محل جدید اور قرون وسطی کے ادوار کے فن تعمیر کا حسین امتزاج ہے۔اس پرتعیش محل کی قیمت 350ملین ڈالر سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے ترکی کی حزب اختلاف کے رہنماؤں اور ماحولیات کے ماہرین کو مایوسی ہوئی ہے۔ایردوآن نے ترکی کے 91ویں یوم جمہور کے موقع پر سفید محل کے نام سے پہچانے جانے والے اس شاہانہ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ یوم جمہور جدید ترکی کے قیام اور سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے گروپوں نے اس تقریب کا بائیکاٹ کیا اور اور اس محل کو ایردوآن کے آمرانہ رجحانات کا مظہر قرار دے کر اس پر تنقید کی۔