سعودی نصاب تعلیم میں کتابت کی سنگین غلطی،عوام کا شدیدردعمل

سعودی نصاب تعلیم میں کتابت کی سنگین غلطی،عوام کا شدیدردعمل

  

جدہ (این این آئی)سعودی عرب میں اسکول کے نصاب میں چوتھی جماعت میں شمال تجوید کی ایک کتاب میں قرآنی آیت کی کتابت کی غلطی کی نشاندہی کے بعد عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔دوسری جانب حکومت نے غلطی کی درستی کے ساتھ لاپرواہی برتنے والے متعلقہ حکام کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کا حکم دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ نصاب میں شامل تجوید کی ایک کتاب میں سورہ النحل کی آیت نمبر تین غلط لکھی گئی ہے۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد نصاب تعلیم کی تیاری، اس کی تدوین واشاعت اور مسودات پر نظرثانی کرنے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔مقامی شہریوں نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غلطی کی اصلاح کے ساتھ ساتھ ایسے واقعات کے مستقل تدارک کے لیے عملی اقدامات کریں۔سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے نصابی تعلیم میں آیت قرآنی کی غلط کتابت کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جلد نئی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کسی نصابی کتاب میں غلطی کی نشاندہی کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ ماضی میں بھی اس طرح کے کئی واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ایسے واقعات سامنے آنے سے مسودات کی تیاری اور اس پر نظر ثانی کرنے والوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھتا ہے۔ پروف کی غلطی کی ذمہ داری طباعت و اشاعت کے شعبے پر نہیں ڈالی جا سکتی۔

مزید :

عالمی منظر -