زمبابوے کو آسان نہیں لیں گے مشفق الرحیم ، سیریز برابر کرینگے بریڈن ٹیلر

زمبابوے کو آسان نہیں لیں گے مشفق الرحیم ، سیریز برابر کرینگے بریڈن ٹیلر

  

                                              ڈھاکہ (سپورٹس ڈےسک)بنگلہ دیش اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا۔ میزبان بنگال ٹائیگرز کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم یہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے جذبے سے میدان میں اترے گی تو دوسری جانب مہمان زمبابوین ٹیم میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کرے گی ۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں فتح کے باوجود دوسرے میچ میں زمبابوین ٹیم کو آسان حریف تصور نہیں کریں گے اور میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ زمبابوین قائد برینڈن ٹیلر نے کہا کہ دوسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز ٹیم کے قائد مشفق الرحیم نے کہا ہے کہ پہلا ٹیسٹ تین دنوں میں ختم ہوا اور اس میچ میں بھی یہی توقع رکھنا بڑی غلطی ہو گی اسلئے ہم میچ میں کامیابی کیلئے ٹیم پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتاریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے نے ہمیں ٹف ٹائم دیا اور وہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے ہر حربے استعمال کرے گی اسلئے ہم نے کھلاڑیوں کو بھرپور مقابلے کیلئے تیار کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں ہم سے غلطیاں ہوئیں بلے بازوں کو چاہے کہ وہ خامیوں پر قابو پائیں۔ دوسری جانب زمبابوین ٹیم کے کپتان ٹیلر نے کہا کہ سیریز بچانے کیلئے یہ ٹیسٹ ہمارے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اسلئے میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -