دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے عیادت کے موقع پر گورنر پنجاب کی گفتگو

دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے عیادت کے موقع پر گورنر پنجاب کی گفتگو

  

 لاہور (پ ر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سروسز ہسپتال، لاہور میں واہگہ بارڈر خود کش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان اورپوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم دہشت گردی کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے اور شہداءکا خون ضرور رنگ لائے گا، ہم انشاءاللہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔گورنرپنجاب نے سروسز ہسپتال کی انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کئے گئے بھر پور اقدامات کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے واہگہ بارڈر کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونے والے بے گناہ شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی کے ذمہ دار عناصر کی شدید مذمت کی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردہمارے وطن کے دشمن ہیں اور معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگ کر پاکستان کے عوام کا حوصلہ پست کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی بزدلانہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ گورنر پنجاب نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔

    

مزید :

صفحہ اول -