موجودہ دور میں میڈیا دعوت دین کے لئے مؤثر ترین ہتھیار ہے، میڈیا ورکشاپ

موجودہ دور میں میڈیا دعوت دین کے لئے مؤثر ترین ہتھیار ہے، میڈیا ورکشاپ

  

لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں میڈیا دعوت دین کے لئے مؤثر ترین ہتھیار ہے۔ صحافت اسلام کا ورثہ تھا اور اطلاعات کا نظام اسلام میں رائج تھا جسے ہم نے چھوڑ دیا۔دین اسلام کے دشمن چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کے خلاف میڈیا کے ذریعہ پروپیگنڈہ کیا جائے اور مسلمان اس کا جواب نہ دے سکیں۔ان خیالات کا اظہارفلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئر مین حافظ عبد الرؤف، جماعۃ الدعوۃ شعبہ تعلیم کے مدیر انجینئر نوید قمر، جماعۃ الدعوۃ لاہور کے امیر مولانا ابوالہاشم ،جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی ترجمان محمدیحییٰ مجاہد ،ناظم شعبہ اساتذہ جماعۃ الدعوۃ حافظ طلحہ سعید ،الیکٹرونک میڈیا کے انچارج احمد ندیم اعوان،فوٹو گرافر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد رمضان نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃ الدعوۃ کے شعبہ سوشل میڈیا کے زیر اہتمام تین روزہ میڈیا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ورکشاپ میں پروڈکشن کے حوالے سے معلومات اور مہارت سکھائی گئی جبکہ ورکشاپ کی سربراہی جماعۃ الدعوۃ سوشل میڈیاکے ناظم عبد الرحمن سالار نے کی ۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ حافظ عبد الرؤف نے کہا کہ میڈیا اس وقت ایک طاقت ور ٹول کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔ باطل پر ہونے کے باوجود کفار اسے بھر پور استعمال کر رہے ہیں۔ ہندستان نے میڈیا کے ذریعے سے ہی ثقافتی یلغار کر کے آج مسلمانوں کے ذہن تبدیل کر دئیے ہیں اور ہندو ثقافت ذہنوں میں سما چکی ہے ۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ بہتر دعوت دینے والا وہ ہے جو اللہ کی طرف دعوت دے اور عمل صالح کرے اور اس کے لیے میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہو چکا ہے ۔ ہمیں اس کے لیے اپنی بات کے ساتھ ساتھ کردار سے بھی دعوت دینی چاہیے اور اپنے آپ کو جھوٹ سے بھی بچانا چاہیے ۔مولانا ابو الہاشم نے اپنے خطاب میں کہا آج اسلام مخالف یہ چاہتے ہیں کہ میڈیا کی یلغار کے ذریعے اسلام کی دعوت کو روکا جائے اور داعی لوگ میڈیا کا استعمال ہر گز نہ کر سکیں لیکن وہ اپنے ان مذموم عزائم میں ناکام ہورہے ہیں ۔ اسی تناظر میں ہمیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنا چاہیے اور اپنی صلاحیتوں کو برؤے کار لاکر کفار کی یلغار کا بھر پور جواب دینا چاہیے ۔ محمدیحییٰ مجاہد نے کہا کہ میڈیا میں کسی بھی جماعت کی ترجمانی کرتے ہوئے اس میں جھوٹ کا عنصر شامل نہیں ہونا چاہیے ۔ ہمارا تعلق دعوت کے میدان سے ہے اور اس میں خود نمائی و ریاکاری سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔ احمد ندیم اعوان نے کہا کہ میڈیا میں مبالغہ سے گریزکرتے ہوئے اور اپنے اعتماد کو بحال رکھیں ۔ جدید ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے ہمیں دعوت دین کا بھر پور کام کرنا چاہیے

مزید :

صفحہ آخر -