نیموں کٹھا ڈکیت گینگ کے سر غنہ سمیت 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

نیموں کٹھا ڈکیت گینگ کے سر غنہ سمیت 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

  

 لاہور ( کر ائم سیل)بھاٹی گیٹ پولیس نے گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں،موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں ملوث نیموں کٹھا ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت2 ملزموں کو گرفتارکرکے ان سے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے دوران لوٹا ہو ا لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق سی سی پی او لاہو ر کیپٹن (ر) محمدامین وینس نے شہر میں ڈکیتی ، راہزنی اور دیگرجرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی اسد سرفراز کو ان وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنے کاحکم دیا۔ انہوں نے ڈی ایس پی لوئر مال نوید ارشاد کی سربراہی میں ایس ایچ او بھاٹی گیٹ راجہ مظہر اقبال اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دے کران وارداتوں میں ملوث ملزموں کو ٹریس کرنے کا ہدف دیا۔ پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر ریڈ کرکے نیموں کٹھا ڈکیت گینگ کے سرغنہ نعیم عرف نیموں کٹھا اور اس کے ساتھی حماد بیگ کو گرفتار کرکے ان سے2 مسروقہ موٹر سائیکلیں ،10 موبائل فونز،50ہزار نقدی، دیگر قیمتی اشیاء اورناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے جبکہ ملزموں کا تیسرا ساتھی سفیر عرف شنکرموقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کردیتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ بھاٹی گیٹ، لوئر مال، لوہاری گیٹ، نیو انار کلی، موچی گیٹ، رنگ محل، شفیق آباد، داتا دربار،اسلامپورہ، قلعہ گجر سنگھ اور اچھرہ کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی25مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے درجنوں مقد مات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ملزموں کو مزید تفتیش کے لئے شعبہ انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے جن سے مزید انکشافات اور برآمدگیوں کی توقع ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس ایچ او بھاٹی گیٹ راجہ مظہر اقبال اوران کی ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -