کاشتکار کی خوشحالی کیلئے گندم کی امدادی قیمت بڑھائی زرعی شعبے کا تحفظ کرینگے نواز شریف

کاشتکار کی خوشحالی کیلئے گندم کی امدادی قیمت بڑھائی زرعی شعبے کا تحفظ کرینگے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                           اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گندم کی فی 40کلو گرام 1300روپے کی امدادی قیمت میں اضافے کے بروقت فیصلے، گندم کی درآمد پر 20فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے اور پٹرولیم مصنوعات بالخصوص ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کاشتکاروں کو زیادہ فائدہ حاصل ہو گا،کاشت کار برادری فی ایکڑ 3500تا 5000اضافی آمدن کمائے گی جس سے بالخصوص ان کے معیار زندگی اور بالعموم دیہی علاقوں کے لوگوں کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ زرعی شعبے کا تحفظ اور اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تا کہ ملک میں خوراک کے تحفظ کا مقصد حاصل کیا جا سکے۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور انہیں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کر کے ان کے معیار زندگی میں نمایاں طور اضافے کے لئے جامع طویل المدت اقدامات کر رہی ہے، گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ جو بین الاقوامی مارکیٹ میں گندم کی موجودہ قیمت سے زائد ہے، سے زرعی شعبہ کی حوصلہ افزائی ہو گی اور یکساں امدادی قیمت سے ملک بھر کے تمام کاشتکاروں کو ہموار سطح فراہم ہو گی اور کاشتکاروں کی زیادہ اراضی زیر کاشت لانے کےلئے حوصلہ افزائی ہو گی۔ اسی طرح تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے عوام بالخصوص زرعی شعبہ کو فائدہ ہو گا جس سے کھاد بیج اور دیگر زرعی ضروریات کی لاگت میں کمی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ کی موجودہ حکومت نے ملک میں زرعی شعبہ کی حوصلہ افزائی کےلئے بڑے اقدامات کئے ہیں جن میں زرعی شعبہ میں اصلاحات لانا اور معیشت کی مرکزی حیثیت کو بہتر بنانا ہے تا کہ یہ ترقی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے زرعی ٹیوب ویلوں کےلئے 10.35روپے فی یونٹ کے یکساں ٹیرف کے ذریعے کاشتکاروں کی زرعی ضروریات کو یقینی بنایا ہے۔ موجودہ حکومت روزگار کے مواقع ، اقتصادی سرگرمی میں اضافہ اور غربت میں کمی کے ذریعے بہتر پاکستان کے مقصد کے حصول کےلئے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل کےلئے پورے جذبے سے کام کر رہی ہے۔
نواز شریف

مزید :

علاقائی -