ملین مارچ کے انعقاد سے بھارت اور بھارت نوازوں کو حتمی شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا‘نعیم احمد

ملین مارچ کے انعقاد سے بھارت اور بھارت نوازوں کو حتمی شکست کا منہ دیکھنا پڑے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی) جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے آزادی پسند قیادت اور کارکنان کیخلاف پولیس کریک ڈان کو بھارتی اور ریاستی حکومتوں کی قبل از وقت شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ گرفتاریوں اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 7نومبر کو سرینگر میں ملین مارچ کے انعقاد سے بھارت اور بھارت نوازوں کو حتمی شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ملین مارچ کو کامیاب بناتے ہوئے آر ایس ایس اور اس جیسی مسلمان مخالف قوتوں پر واضح کریں کہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت سے مکمل آزادی چاہتے ہیں۔نعیم خان نے بارہمولہ، ٹنگمرگ، پٹن،سنگھپورہ ،کنزر اور نارہ بل علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے پارٹی کارکنان کو سختی کیساتھ ہدایات دیں کہ وہ ملین مارچ کی کامیابی کیلئے عام لوگوں کی راہنمائی کریں۔
انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ 7نومبر کو جب وادی کے کونے کونے سے لوگ سرینگر کا رخ کریں گے تو نظم و ضبط کا خاص خیال رکھتے ہوئے مارچ کو باوقار بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ نعیم خان نے کئی مقامات پر وہاں کے سرکردہ شہریوں کے ساتھ بھی بات چیت کرتے ہوئے انہیں سنیچر7نومبر کو سرینگر پہنچنے میں نوجوانوں کی رہنمائی کرنے کی اپیل کی۔ نعیم خان نے پارٹی کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ درجنوں قائدین و کارکنان بشمول نیشنل فرنٹ سے وابستہ ٹنگمرگ کے ریاض احمد،طارق احمد (راجہ) اور سنگھپورہ کے الطاف احمد کی گرفتاریوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملین مارچ کی تیاریوں میں جٹ جائیں۔انہوں نے آزادی پسندوں کی پکڑ دھکڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے تحریک سے وابستہ غلام مصطفی وانی،عبد الرشید گلکار،عبد الرحمن تانترے،بشیر احمد صالح اور بشیر احمد صوفی وغیرہ کی گرفتاریوں کی بھی مذمت کی جنہیں پولیس سٹیشن بارہمولہ میں مقید رکھا گیا ہے۔ نعیم خان نے زور دیکرکہامیں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ حریت(گ)کی طرف سے جاری پروگرام پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہوکر اس کو کامیاب بنایا جائے تاکہ دنیا جان جائے کہ جموں کشمیر کے لوگ متنازعہ خطے پر بھارت کی حکمرانی تسلیم نہیں کرتے ہیں اور یہاں کے لوگ بھارت کے فوجی قبضہ کیخلاف ہیں۔انہوں نے جملہ شہدائے کشمیر بشمول ابو قاسم، آفاق اللہ اور عبد المنان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں ہم سے یہی مطالبہ کررہی ہیں کہ ہم اجتماعی طور پر شہدا کے مشن کی رکھوالی کریں اور اس ضمن میں استقامت کا مظاہرہ کریں۔نعیم احمد خان نے کہاشہدا کو خراج پیش کرنے کا بہترین اور مناسب طریقہ بھی یہی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر اپنی سوچ میں یکسوئی پیدا کریں۔

مزید :

عالمی منظر -