شوکت خانم ہسپتال کے اشتراک سے پنجاب انٹیل پروونشل سائنس فیئر آج سے شروع
لاہور(پ ر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے اشتراک سے پنجاب انٹیل پروونشل سائنس فیئر منعقد کیا جارہا ہے۔یہ تین روزہ سائنس فیئر3سے5نومبر 2015ء کوہسپتال میں منعقد کیا جائے گا۔ اس میلہ کا مقصد نوجوانوں میں سائنسی سرگرمیوں اور نئے آئیڈیاز کو فروغ دینا ہے۔شوکت خانم کینسر ہسپتال کے سائنس میلہ میں بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کی مختلف کیٹیگریوں میں 80پراجیکٹس نے کوالیفائی کیا ہے جبکہ صوبہ بھر سے ماہرین، سائنسدان اور سٹوڈنٹس بھی اس میلہ میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے اس تقریب کے مین سپانسر بنک الحبیب کا شکریہ ادا کیا ہے۔اس میلہ میں شرکت کرنے والے طالب علموں میں سے بہترین پراجیکٹس پیش کرنے والے نوجوانوں کو جنوری 2016ء میں انٹیل نیشنل سائنس میلہ میں مقابلے کیلئے بھیجا جائے گا۔ اس طرح قومی سطح پر منتخب ہونے والے طالب علموں کو مئی 2016ء میں امریکہ میں منعقد ہونے والے انٹیل انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر میں مقابلے کیلئے بھیجا جائے گا۔
