علماء مذہب کے غلط استعمال کور وکنے کے لئے اپنا کردار اداکریں، ضیاء الحق نقشبندی
لاہور(خبر نگار خصوصی)تمام مذاہب اور مکاتب فکر کے علماء مذہب کے غلط استعمال کور وکنے کے لئے اپنا کردار اداکریں اورقتل ناحق کے خلاف آواز اٹھائیں ۔ کالعدم تنظیموں اورفرقہ پرست جنونیوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کر کے ان کے نیٹ ورک کو توڑا جائے۔کراچی میں مکمل امن قائم ہونے تک آپریشن جاری رکھا جائے اور حکومت کراچی آپریشن کے معاملے میں کسی بلیک میلنگ ،دباؤ اور مصلحت کا شکار نہ ہو۔ دہشت گردوں اوران کے سرپرستوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے ۔ بھارت کا بڑھتا ہواجنگی جنون خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے ۔ بھارت ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل گولہ باری کر کے عالمی ضابطوں کی خلاف ورزی اورجنگی جرائم کا ارتکا ب کر رہا ہے۔بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف ملک گیر دستخطی مہم چلائی جائے گی اور پاکستانی عوام کی طرف سے اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت جمع کروائی جائے گی ۔’’قومی یکجہتی مہم ‘‘شروع کی جائے گی اس مہم کے دوران مختلف شہروں میں قومی یکجہتی کے موضوع پر کانفرنسیں ،سیمینارز اورمزاکرے منعقد کروائے جائیں گے ۔یہ بات تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین محمد ضیاء الحق نقشبندی نے تنظیم کے اجلاس سے میں ہونے والے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے ارض پاک کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے قوم کے ہیروز ہیں جن کی قربانیوں کی کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے ۔آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف پوری قوم کے خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔سول حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے میں غفلت اورسستی کا مظاہرہ نہ کرے نیشنل ایکشن پلان پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے ۔
