بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی ہوئی ،نتائج قبول نہیں ،تحریک انصاف
لاہور (خصوصی رپورٹ ،جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ،بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ووٹر لسٹو ں میں متعلقہ ووٹرز کااندراج ان کی مرضی کے بغیر دوسروں حلقوں میں کر دیا گیا ،پنجا ب پولیس کے ذریعے غنڈہ گردی اور تشد د کرواکے خوف کی فضاء قائم رکھی گئی۔ گزشتہ روز عمران خان کے سیاسی مشیر اعجاز چوہدری نے نذیر احمد چوہان ،شنیلا روتھ ، ثوبیہ کمال اور تحریک انصاف کے بلدیا تی ٹکٹ ہولڈرزکے ہمراہ پر یس کانفر نس کرتے ہوئے کہا کہ لاہورمیں نواز شریف کے ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر کئی گھنٹے کرفیو کا سما رہا اور عوام اپناحق رائے دہی استعما ل کرنے سے محرو م رہے جس کا الیکشن کمیشن نے نہ کو ئی نو ٹس لیا اور نہ پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن کا اکثریتی عملہ (ن) لیگ کے امیدواروں کیلئے کام کرتا رہا ،پی ٹی آئی کے امیدواروں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے سے روکا گیا جبکہ (ن) لیگ کے زمیدواروں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی کھلی چھٹی تھی ۔ پولنگ کے عمل کے دران خواتین کوہراساں کیا گیا اور خواتین کے پولنگ بوتھ کے اندر (ن) لیگ کے مرد وں نے قبضہ کئے رکھا ۔ تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹوں کو رزلٹ پر زبر دستی دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل ، حکومتی مشینری ، دھونس اور دھاندلی سمیت حکومتی ریاست کی طاقت کا بھر پور استعما ل کیا اور پنجا ب پولیس اور(ن) لیگ نے گلو ؤں کے ذریعے تشدد کروایا اورتحریک انصا ف کے بے گناہ کارکنو ں کوگولیا ں مارکر شہید کیاگیا جس کے ذمہ داران موجو دہ ظالم حکمران ہیں ۔ (ن) لیگ نے پنجا ب پولیس کو سیاسی بنا دیا ہے جبکہ پولیس کا کام عوام کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنا ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ ان سے عوام کی خدمت کی بجائے ان پر تشد د کروایا جاتا ہے اور شریف آدمی انصاف نہ ملنے کے ڈر سے تھانے جانے سے ڈرتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بہا ر کالونی لاہور میں وفاقی وزیر کامران مائیکل اور رکن پنجاب اسمبلی شہزاد منشی مسلح گارڈؤں کے ذریعے پولنگ بوتھ پر قابض رہے ، الیکشن کمیشن صاف اور شفاف الیکشن کروانے میں ایک مرتبہ بھی بری طر ح ناکام رہا ہے، تحریک انصاف دھونس،دھاندلی لیگ کا ہر سیا سی محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کر ے گی ہم بدمعاشی سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور ہم سیا سی مید ان کھلا نہیں چھو ڑیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کاجائزہ لے کر آگے بڑھے گی الیکشن کمیشن خاموشی تما شائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے اوراپنا فرض کردار ادا کر ے تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت پروان چڑھ سکے ورنہ عوام کا قومی اداروں سے اعتما د اُٹھ جائے گا ۔ا نہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ شفقت محمود کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے میں چےئرمین عمران خان سے اپیل کروں گا کہ ان کا استعفیٰ قبو ل نہ کریں۔چوہدری سرور صحیح کام کر رہے ہیں میں ن سے تفصیلی ملاقات بھی کروں گا ۔تحریک انصاف پنجاب کی قیادت نے بلدیاتی الیکشن کے نتائج قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے صوبے کے 12اضلاع کے نتائج کیخلاف پر بھر پور انداز میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کیلئے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ’’اتحاد‘‘ بنانے کا فیصلہ کر لیا،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چودھری نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے آراوز کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا ۔ اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتی یہ الیکشن پنجاب حکومت نے آر اوز کے ساتھ ملکر کر لڑا کیونکہ ریٹرننگ افسران نے نتائج کو تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی شفاف الیکشن کا انعقاد کروانے میں ناکام رہا۔ اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج کو کالعدم قرار دیکر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں۔دریں اثناء تحریک انصاف کے اہم ذرائع نے کہاہے کہ پارٹی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے 12اضلاع کے نتائج کیخلاف بھر پور انداز میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ’’اتحاد‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔جس کیلئے پیپلز پارٹی پنجاب ،پاکستان عوامی تحریک ،مسلم لیگ ق،جماعت اسلامی اورعوامی مسلم لیگ کی صوبائی قیادتوں سے رابطے کرنے کیلئے پنجاب قیادت کو ٹاسک دے دیا گیا لیکن اس کی منظوری سنٹرل ورکنگ کمیٹی سے حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج کو اجتماعی طور پر مسترد کرنے کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ۔جس کیلئے آئندہ چند دنوں میں پاکستان مسلم لیگ ق ،پاکستان عوامی تحریک ،پیپلز پارٹی پنجاب ،عوامی مسلم لیگ اورجماعت اسلامی کو ساتھ ملانے کیلئے ان جماعتوں سے رابطے شروع کیے جا رہے ہیں ۔ذرائع نے بتا یا ہے کہ مشترکہ طور پر 12اضلاع کے بلدیاتی انتخابات کو بدترین دھاندلی قرار دیا جائے گا اورجس کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی اورحکومت کو اس معاملہ میں ٹف ٹائم دینے کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ملایا جائے گا جس کیلئے تحریک انصاف کے راہنما چوہدری سرور’’پل‘‘ کا کردار ادا کریں گے۔
