سپریم کورٹ کا ٹیکس ریفنڈ پر ایف بی آر کی انکوائری رپورٹ نہ آنے پر اظہار برہمی
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ میں ٹیکس ریفنڈ بارے ایف بی آر کی انکوائری رپورٹ نہ آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور تین رکنی بنچ کے سربراہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ جب انکوائری مکمل ہو چکی ہے تو اب تک رپورٹ کیوں نہیں جمع کرائی گئی ۔ جس پر ایف بی آر کے وکیل آصف ایس اے رحمان نے بتایا کہ انکوائری مکمل ہو چکی ہے مگر تکنیکی معاملات ہیں اس کے لئے ایک ہفتہ کی مہلت دی جائے ۔ جس پر عدالت نے انہیں ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔اس دوران ایک اور درخواست گزار آمنہ بٹ جس کے خلاف یہ انکوائری ہو رہی تھی نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں وکیل کرنے کی اجازت دی جائے اور جب تک وہ وکیل مقرر نہیں کر لیتیں اس وقت تک اس انکوائری کو بھی روک دیا جائے ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ آپ وکیل مقرر کر لیں ہم انکوائری رپورٹ دیکھے بغیر اس کے خلاف حکم امتناعی جاری نہیں کر سکتے ۔ بعدازاں عدالت نے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی ۔
