اسلحہ لائسنسوں کے ریکارڈ کی گمشدگی کے خلاف دائر درخواست پر ڈی سی او ننکانہ کو ریکارڈ سمیت طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے اسلحہ برانچ سے اسلحہ لائسنسوں کے ریکارڈ کی گمشدگی کے خلاف دائر درخواست پر ڈی سی او ننکانہ کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔درخواست گزار کے وکیل شاہد عظیم نے موقف اختیار کیا کہ اسلحہ رکھنے والے لائسنس ہولڈر عام شہری ہر سال اپنے لائسنس کی مقرر کردہ فیس ادا کر کے ہر سال تجدید کراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی حکومتی مہم کے تحت اپنے اسلحہ لائسنس کی تجدید کرانے کے لئے اسلحہ برانچ سے رجوع کرنے والے شہریوں کو پتہ چلا کہ ان کے اسلحہ لائسنس کا ریکارڈ ہی متعلقہ محکمے کے پاس موجود نہیں ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کئی دہائیوں سے اسلحہ لائسنس رکھنے اور بروقت تجدید کرانے والے شہریوں کے اسلحہ لائسنس کا ریکارڈ سنبھالنا حکومتی انتظامیہ نے گوارا نہیں کیا جس سے انہیں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس بنانے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جس پر عدالت نے ڈی سی او ننکانہ صاحب کو ایک ہفتے کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
ریکارڈ کی گمشدگی
