دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنائپرز کا کردار اہم ہے ،جنرل راحیل شریف
جہلم،راولپنڈی (آن لائن،خصوصی رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسنائپرز کا کردار اہم ہے۔ تربیت ہر جوان کی پیشہ ورانہ بہتری کیلئے اہم ہے۔ پاک فوج و سویلین اداروں کے ساتھ مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرانے کیلئے تربیتی مقابلے کئے جانے چاہئیں۔ ملک کے جوانوں کو ملکی اور غیر ملکی سطح پر مقابلے کیلئے تیار کیاجائے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ان خیالات کا اظہار جہلم میں 36 ویں پاک آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنرل راحیل شریف نے جہلم کے قریب فائرنگ رینج کا دورہ کیا اور شوٹنگ میں کامیاب جوانوں میں ٹرافی تقسیم کی گئیں۔ خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کسی مشق کی تکمیل میں تربیت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوٹرز کا کردار دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن ہے۔ شوٹر تربیتی مقابلوں میں ملک بھر سے 33 سویلین سمیت 800 افراد نے شرکت کی۔ مقابلوں میں کوسٹ گارڈ ‘ نیوی‘ بحریہ‘ فضائیہ اور ایف سی اداروں نے حصہ لیا۔ شوٹنگ مقابلوں میں بریگیڈیئر شاہ نواز، لیفٹیننٹ کرنل جنید وقاص، لیفٹیننٹ سعود اور سپاہی نوید احمد بہترین شوٹرز قرار پائے۔
