ٹیکنیکل ایجوکیشن وقت کی اہم ضرورت ہے ،ذولفقار احمد چیمہ

ٹیکنیکل ایجوکیشن وقت کی اہم ضرورت ہے ،ذولفقار احمد چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی و خوشحالی اور مقامی لوگوں کے احساس محرومی کے خاتمے کے لئے ترجیحی اقدامات اٹھارہی ہے بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بس ان کی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملنا چاہئے ۔ان خیالات کااظہار نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ وومن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ سینٹر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک بلوچستان عبدالرؤف بلوچ،سیکرٹری محنت و افرادی قوت حامد الکریم ، ڈائریکٹر بی ٹیوٹابلوچستان زامران مری ، نیوٹیک بلوچستان کے افسران عبدالمنان گوہر ، اقبال عمرانی ،آصف جمالدینی ، نوراحمد رئیس اوردیگر بھی موجودتھے۔نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے مراکز کاتفصیلی دورہ کیا اورمختلف شعبوں کامعائنہ کیا اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ملک کا انتہائی اہم صوبہ ہے جو رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ بھی ہے مگر پھیلی ہوئی آبادی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی کمی کے باعث یہاں ہنر مند افرادی قوت کی جو کمی ہے وہ صوبے کی پسماندگی کے بڑے محرکات میں سے ایک ہے ۔ موجودہ دور میں ٹیکنیکل ایجوکیشن بین الاقوامی سطح پر وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمارا ادارہ 2006ء سے باقاعدہ مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے ۔ بلوچستان میں اب تک ہم نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ نوشکی ، پشین ،ژوب ،مستونگ ، لورالائی ،ڈیرہ بگٹی ، آواران ، کوہلو ، ڈیرہ اللہ یار، قلات ، خضدار ، خاران ، سبی ، ماوند ،اوستہ محمد اور دالبندین ضلع چاغی کے علاقوں میں لوگوں کی فنی مہارت کے خصوصی منصوبوں کے تحت فنی تربیت کی ہے۔ اس وقت بلوچستان کی 13پسماندہ ترین تحصیلوں یعنی نوکنڈی ، دالبندین ، کوہلو ،ماوند،اوستہ محمد ، جھل مگسی ،گنداواہ ، بھاگ ، ڈھاڈر ،دکی ، موسیٰ خیل، درگ اور بارکھان میں قائم ٹریننگ سینٹرز میں ہمارے فنی مہارت کے خصوصی پروگرام جاری ہیں ۔جس کے تحت کل 5ہزار4سو60لوگوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے اور اب تک ایک ہزار4سو35لوگ ٹریننگ حاصل کرکے فارغ ہوچکے ہیں ۔NAVTTCنے بلوچستان میں اس وقت وزیراعظم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 1835لوگوں کو ٹریننگ دے کر فارغ کیا ہے اور اس وقت Phase IIکے تحت مزید2000لوگوں کی ٹریننگ مختلف اضلاع میں جاری ہے اور عنقریب وزیراعظم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تیسرے مرحلے میں ہم بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مزید لوگوں کو تکنیکی مہارت فراہم کریں گے تاکہ آنے والے پاک چین اقتصادی راہدی منصوبے کے ثمرات سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوں ۔ اس عظیم منصوبے کے نتیجے میں بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے جس نئے سفر کی شروعات ہونے جارہی ہیں اس میں ہنر مند افراد کا خصوصی کردار ہوگا اور اس ضرورت کو مد نظررکھتے ہوئے ہم بلوچستان کوخصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ یہاں کے مقامی افراد ترقی کے سفر میں شریک ہوں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت بلوچستان سے پسماندگی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور وزیراعظم میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت ہے کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کریں اس مقصد کے لئے ہم مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو فنی تعلیم کی فراہمی کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔وزیراعظم ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت شارٹ ٹرم سکل ڈویلپمنٹ کورسز پروگرام کا تیسرا کورس جلدہی شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت بلوچستان میں مزید ہزاروں لوگوں کوفنی تربیت فراہم کی جائے گی ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ حامدالکریم کا کہنا تھا کہ محکمہ محنت و افرادی قوت بلوچستان بھر میں اپنے تربیتی مراکز میں نیوٹیک کو ہر ممکن معاونت فراہم کررہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گاتاکہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کوفنی تربیت دلا کر ترقی کے سفرکااہم شراکت داربنایا جاسکے ۔