جاوید انور نے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر کا چارج سنبھال لیا

جاوید انور نے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر کا چارج سنبھال لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر جاوید انور نے انجینئر محمد عادل عثمان کی جگہ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا۔سرسید یونیورسٹی کے نئے چانسلر جاوید انور نے تعارفی تقریب میں فیکلٹی اور اسٹاف ممبرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماضی کی کوتاہیوں کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔انھوں نے کہا کہ اگر ادارے کو ترقی کی معراج پر دیکھنا ہے تو ہر ایک کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور مقاصد کا حصول بغیر آپس کے تعاون کے ممکن نہیں۔ہماری کوشش ہوگی کہ ہر شعبہ میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا اور اسی پر ہماری مستقبل کی پالیسیوں کا دارو مدار ہے۔ چانسلر جاوید انور نے واضح کیا کہ اب اس ادارے میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ یہ ادارے کو کمزور کردیتی ہے، اور ہم ادارے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر سید انور علی نے کہا کہ ہار جیت تو انتخابات کا حصہ ہیں۔ہم ادارے کو آگے لے کر چلیں گے۔ہم اداروں کو شخصیات پر ترجیح دیتے ہیں۔ہم نے جو بھی وعدہ کیا ہے وہ اپنے وقت پرضرور پورا ہوگا۔آج زیڈ اے نظامی مرحوم اور محمد ذاکر علی خان مرحوم ضرور خوش ہوں گے کہ ایسے لوگ منتخب ہوکر آئے ہیں جو بزرگوں کی عزت و قدر کرتے ہیں۔قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی نے نئے چانسلر کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انھیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی وبہتری اور مشن کی تکمیل کے لیے وہ ہرقدم پر ان کے ساتھ ہوں گے۔رجسٹرار سید ابرار علی نے بھی نئے چانسلرکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چانسلر صاحب کی مقبولیت اور ان کے وسیع تجربے کے پیشِ نظر یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ یونیورسٹی تیزی سے ترقی کرے گی۔ اس موقع پر سنیئر علیگرین کے علاوہ نائب صدر عبدلرشید خان، نائب صدر طارق سبزواری، جنرل سیکریٹری محمد ارشد، خازن ایم محسن خان، جوائنٹ سیکریٹری واصف نظر صدیقی، جوائنٹ سیکریڑی اسپورٹس وقاص جاوید بخاری، جوائنٹ سیکریٹری اکیڈمک شجر علی ہاشمی بھی موجود تھے۔