زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائینگے ،مرتضی جاوید عباسی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کو مصیبت کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی امداد اور بحالی کے لیے تمام ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ایبٹ آباد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کھلی کچہری میں ضلع ایبٹ آباد کے مختلف مقامات سے آئے ہوئے عوامی وفود ، علاقے کی مختلف ولیج تحصیل اور ضلع کونسل کے ممبران مقامی انتظامیہ ،محکمہ تعلیم ، واپڈا اور ایرا کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔قائم مقام سپیکر نے وزیر اعظم محمد نوازشریف کی جانب سے زلزلہ متاثرین کے لیے اعلان کردہ پیکج کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیاد ت میں ملک سے اندھیروں ، دہشت گردی ، بیروزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ ڈھائی سالوں سے ملک میں دہشتگردی کی لعنت میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور ملکی معیشت کا پہیہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے قیام سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی اور مقامی حکومتیں عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر یں گی۔ اس موقع پر قائم مقام سپیکر نے حلقے سے آئے ہوئے عوامی وفود کے مسائل سنے اور موقع پر موجود مقامی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام کو ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ قائم مقام سپیکر نے حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو متاثرہ علاقوں میں مکانات اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری سروے کرنے اور متاثرین کی فوری امداد و بحالی کی ہدایت کی ۔انہوں نے یقین دلایا کہ زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ایرا اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے قائم مقام سپیکر کو علاقے میں زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی اور دیگرترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
