رقوم کی منتقلی اور وصولی ،سندھ بینک اومنی گرام کے درمیان معاہدہ
کراچی (اکنامک رپورٹر ) پاکستان میں اپنے کسٹمرز کی رقوم کی منتقلی اور وصولی کی خدمات فراہم کرنے کیلئے سندھ بینک اور منی گرام کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دنیا بھر سے بھیجی جانے والی رقوم ملک بھر میں موجود سندھ بینک کی 111 برانچوں سے وصول کی جاسکیں گی۔ اس اضافے کے ساتھ ملک بھر میں منی گرام کا نیٹ ورک 4300 مقامات تک وسیع ہوجائے گا۔ ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کی 90 فیصد آبادی بینکوں کا استعمال نہیں کرتی اور زیادہ تر لوگ اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرنے کیلئے فیملی ممبرز کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم پر انحصار کرتے ہیں۔ اس موقع پر منی گرام کے سینئر ڈائریکٹر ’’میپا‘‘ ممالک Maher Maddad نے کہا کہ سندھ بینک کے ساتھ اس معاہدے سے کسٹمرز کے پاس فنڈز حاصل کرنے کے حوالے سے زیادہ پسندیدہ متبادل موجود ہوں گے۔ سندھ بینک سارے ایجنٹ نیٹ ورک کے طور پر پاکستان میں موجود بینکوں کا استعمال کرنے والے اور بینکوں کا استعمال نہ کرنے والے افراد کو مالیاتی خدمات فراہم کرسکے گا۔ منی گرام کے کنٹری منیجر رضا صمد نے کہا کہ کمپنی کا مشن ہے کہ خاندان ، دوستوں اور پیاروں کو ’’بھروسہ مند دس منٹ ٹرانسفر ‘‘ سے منسلک کردے ہم پیسوں کی تیز رفتار منتقلی کے حوالے سے اپنے کسٹمرز کی بھرپور مدد کرناچاہتے ہیں تاکہ وہ ایمرجنسی، اہم لمحات اور ضروریات زندگی کو پورا کرنے کے لیے اپنے خاندان ، دوست و احباب کو رقم بھجواسکیں۔ اس معاہدے کے تحت سندھ بینک اپنے کسٹمرز کو مزید سہولیات فراہم کرسکے گا اور بینک اکاؤنٹ کھلوائے بغیر لوگ اپنی رقوم موصول کرسکیں گے۔
