آصف زرداری کی ترکی کے انتخابات میں کامیابی پر صدر اور وزیراعظم کو مبارکباد
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے ترکی کے انتخابات میں جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کی کامیابی پر ترک صدر اور وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ ترقی کے عوام نے بتا دیا ہے کہ اپنے ملک میں سیاسی استحکام چاہیے خاص طور پر اس وقت جبکہ خطے میں حالات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کی جانب سے ترکی کے عوام کو پرامن انتخابات پر مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ ترقی نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران عظیم الشان ترقی کی ہے اور خطے میں استحکام کا باعث بنا ہے۔ ان انتخابات سے یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ ترقی، خوشحالی اور استحکام آنے والے دنوں میں بھی قائم رہے گا اور ترقی کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور پاکستان کے درمیان نہایت دوستانہ تعلقات ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعلقات آنے سالوں میں مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔
