ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، مقامی صحافی جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی زمان محسود جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے ٹانک کے علاقے ڈبرہ کے مقام پر زمان محسود کو نشانہ بنایا اور عینی شاہدین کے مطابق اس کے جسم میں پانچ گولیاں لگیں۔
ذرائع کے مطابق زمان محسود کو جائے وقوعہ سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ڈیرہ اسماعیل خان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق صحافی زمان محسود مختلف اخبارات کے ساتھ منسلک تھے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کارروائی کے بعد فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔
