عابد شیر علی کو الیکشن پر تحفظات، دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی
فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اپنے علاقے میں ہونے والے انتخابات پر تحفظات ہیں ، ہمارے ایک امیدوار کو رات 3 بجے دوبارہ گنتی کرکے ہرادیا گیاالیکشن کمیشن میں دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے عابد شیرعلی اپنے والد چوہدری شیر علی کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقوں میں جہاں انتخابات ہوئے،وہاں دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے،ہمارے علاقوں میں ہونے والے انتخابات پرتحفظات ضرور ہیں مگر کسی پرالزام تراشی نہیں کی اور الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا امیدوار رات 3 بجے تک جیتا ہواتھا ،خواجہ محمد رضوان نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو شیر کے نشان پر شکست دی لیکن رات3بجے دوبارہ گنتی کرکے ہمارے امیدوار کوہرادیا گیا جبکہ ہمارے امیدوار کو دوبارہ گنتی میں بھی نہیں بلایا گیا۔
عابد شیرعلی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی رپورٹ تیار، تفصیلات جانیئے
واضح رہے کہ عابد شیر علی ، ان کے والد چوہدری شیر علی اور لیگی ایم پی اے طاہر جمیل پر الزام تھا کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے اور ضابطہ کے برخلاف بلدیاتی الیکشن میں جلسوں کا انعقاد کیا تھا اور ریلیاں نکالی تھیں۔
