فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کا امیدوار”ٹاس“ ہار گیا، تحریک انصاف کا امیدوار کونسلر منتخب
فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سٹی کونسل 144 کے وارڈ نمبر 2 میں پی ٹی آئی نے ٹاس کے ذریعے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو شکست دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سٹی کونسل 144 کے وارڈ نمبر 2 میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدوار کے درمیان مقابلہ ہوا تاہم دونوں نے 236 ووٹ حاصل کئے اور یوں ان کے درمیان انتخابات کا نتیجہ برابر ہو گیا۔ دونوں امیدواروں نے باہمی رضامندی سے ٹاس کے ذریعے ہار جیت کا نتیجہ نکالنے کا فیصلہ کیا اور جب ٹاس ہوا تو بازی پی ٹی آئی کے امیدوار نے مار لی اور مسلم لیگ ن کا امیدوار ٹاس ہار کر سیٹ سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وہاڑی کی یونین کونسل 13 میں چیئرمین کاانتخاب برابر ہونے پر آزاد امیدواروں نے ٹاس پر فیصلہ کیا اور آفتاب گجر چیئرمین منتخب ہوئے۔ اسی طرح وہاڑی میں ہی کونسلر کی سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف اور آزاد امیدوار کے درمیان ٹاس کے ذریعے سیٹ کا فیصلہ کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
