سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی کا توڑ آگیا، اوبر کا نیا اعلان

سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی کا توڑ آگیا، اوبر کا نیا اعلان
سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی کا توڑ آگیا، اوبر کا نیا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی ہے اور باہر جانے کے لیے اُنہیں گھر کے کسی مردکا انتظار کرنا پڑتاہے یا ٹیکسی کیلئے سڑک کنارے گھنٹوںانتظار کی سولی پرلٹکناپڑتاہے کیونکہ بیشترخاندانوں میں کسی رشتہ دار کیساتھ خواتین کو باہر بھیجنا مناسب نہیں سمجھاجاتالیکن اب حکومتی پابندی کا توڑ بھی آگیاہے اور سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے ٹیکسی فراہم کرنیوالی کمپنی اوبرنے سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
العربیہ کے مطابق خواتین اپنے زیراستعمال کسی بھی سمارٹ فون کے ذریعے کسی بھی وقت ،کسی بھی جگہ اور کہیں بھی سفر کے لیے ڈرائیور کو گاڑی سمیت طلب کر سکتی ہیں۔جونہی کوئی خاتون اس ایپلی کیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے کار طلب کرنے کے لیے بٹن دبائے گی تو فوری طور پر اس کے فون پر تمام تفصیل آجائے گی کہ کون سی کار انہیں لینے کے لیے آرہی ہے،اس کا نمبر اور ماڈل کیا ہے۔اس کے ڈرائیور کا کیا نام ہے اور اس کا موبائل فون نمبر کیا ہے۔اس وقت وہ کہاں ہے اور اس کو خاتون تک پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا؟ وغیر ہ وغیرہ۔اس ایپلی کیشن کے اطلاق سے تمام جغرافیائی محل وقوع سامنے آجاتا ہے اور خاتون اپنے خاندان کو اس تمام تفصیل سے آگاہ کرسکتی ہے۔اس طرح قریبی عزیزواقارب کو خاتون کے گھر سے باہر سفر کے حوالے سے کوئی پریشانی لاحق نہیں ہوتی ہے۔
یہ کمپنی 2009ءمیں قائم کی گئی تھی اور سعودی عرب میں اس نے سب سے پہلے دارالحکومت الریاض میں اپنی سروس شروع کی تھی۔اس کے بعد جدہ اور مشرقی علاقے میں بھی اس کی سروس کا آغاز کردیا گیا تھا۔حال ہی میں اوبر نے سعودی عرب کے تیسرے بڑے شہر الدمام میں بھی اپنی سروس کا آغاز کردیا ہے۔
اوبرنے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں اس کی مذکورہ ایپلی کیشن سے استفادہ کرنے والوں میں اسّی فیصد خواتین ہوتی ہیں۔یہ ایپلی کیشن مصر ،بحرین ،قطر اور اردن میں بھی کام کرتی ہے۔اس کوعربی سمیت مختلف زبانوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس کی زبان سمارٹ فون میں استعمال کی جانے والی زبان کے مطابق خود کار طریقے ہی سے تبدیل ہوجاتی ہے۔
اس سروس کا ایک اور بھی اہم فیچر ہے۔اگر کوئی خاتون اپنی سواری یعنی کار میں اپنا سامان یا پرس وغیرہ بھول جائے تو وہ اس کار کا سراغ لگاسکتی ہے،ڈرائیور سے ای میل کے ذریعے رابطہ کرسکتی ہے اور اس طرح اس سے اپنا سامان واپس لے سکتی ہے۔عام ٹیکسی کاروں میں ایسا ممکن نہیں ہے اور ایک مرتبہ کھوجانے والا سامان کم ہی واپس ملتا ہے۔