ہسپتال پیسہ کمانے کا ذریعہ بن چکے ہیں،ڈاکٹر مافیا کا ہر جگہ پیچھا کرینگے، عمران خان
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان40سال پہلے تک ترقی کی راہ پر گامزن تھا اب دنیا کا مقروض ترین ملک بن گیا آج بنگلہ دیش پاکستان سے آگے نکل گیا۔پشاور میں نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے نیچے ادارے نہیں چل سکتے،ہسپتال پیسہ کمانے کا بہت بڑا ذریعہ بن چکے ہیں۔خیبر پی کے میںہسپتالوں کو سرکاری کنٹرول سے نکالینگے۔حاضری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم لگایا تو ڈاکٹر ناراض ہوگئے۔ڈاکٹرصرف ہسپتالوں میں سیر کیلئے آتے ہیں جو کچھ آتے ہیں صرف چند گھنٹوں کیلئے آتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں تمام ڈاکٹرز کو خبر دار کرتا ہوں کہ ان کو کام کرنا پڑے گا حکومت ان کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ہسپتالوں کو بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کی نگرانی میں دیا جائےگا جس میں قابل اور ایماندار افراد شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سسٹم انتہائی خراب ہے اس کو تبدیل کرینگے۔ہم مینڈیٹ لیکر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب کرپٹ ڈاکٹرز کیخلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے تو یہ سٹے آرڈر لے آتے ہیںلیکن ہم ان کا ہرجگہ پیچھا کرینگے ان سے بلیک میل نہیں ہونگے۔ہسپتالوں میں مافیا بننے والوں کے نام اخبارات میں دینگے۔ان کے گھروں کا گھیراو کرینگے۔میں ہسپتالوں کے ٹھیک کرنے پشاور آیا ہوں اس کے بعد میں یونیورسٹیاں پر توجہ دونگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دباﺅ پر بلدیاتی الیکشن کرائے گئے۔خیبر پی کے میں گاﺅں کی سطح پر فنڈز دینگے
