500kV ڈبل سرکٹ کوارڈبنڈل پورٹ قاسم سے حب جامشورو ٹرانسمیشن لائن کاپہلا فیز مکمل

500kV ڈبل سرکٹ کوارڈبنڈل پورٹ قاسم سے حب جامشورو ٹرانسمیشن لائن کاپہلا فیز ...

لاہور(کامرس رپورٹر)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی )نے 500kV ڈبل سرکٹ کوارڈبنڈل پورٹ قاسم سے حب - جامشورو ٹرانسمیشن لائن کے پہلے فیز کا کام مکمل کر لیا۔ اس ٹرانسمیشن لائن کا مقصد 1320 میگاواٹ بن قاسم پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل کو قومی گرڈ سے منسلک کرنا ہے۔ اس منصوبے کا کُل تخمینہ تقریباً 3 ہزار ملین روپے ہے۔ترجمان این ٹی ڈی سی نے کہا کہ 500kV پورٹ قاسم ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کا کام 2مراحل میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 55 کلومیٹر لمبی 500kV پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن کو حب -جامشورو سرکٹ I-کے ساتھ ملایا گیا ہے۔ یہ منصوبہ حکومت کی ملک سے بجلی کی طلب و رسد کے خاتمے کیلئے ایک کاوش ہے۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے این ٹی ڈی سی کے سسٹم کی صلاحیت اور استعداد بڑھے گی اور 1320 میگاواٹ بجلی کی ترسیل سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔این ٹی ڈی سی کے دیگر ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد اورروالپنڈی کے بجلی صارفین کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے 500کے وی گرڈ سٹیشن روات پر 160MVA ٹرانسفارمر کی جگہ 250MVAٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے بعد No Loadپر انرجائز کردیا۔ جس کی بدولت روات گرڈ سٹیشن کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور اوورلوڈنگ سے نجات ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ 500کے وی نیو لاہور (ساؤتھ)گرڈ سٹیشن کی تعمیر مکمل کرکے -I Bus Bar کو انرجائز کر دیا اور 500 کے وی بلوکی - شیخوپورہ ٹرانسمیشن لائن کو (ان/ آؤٹ) سے منسلک کر دیا گیا۔ وزارت توانائی نے ٹرانسمیشن لائن کے پہلے فیز کی تکمیل اور دیگر ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے پر این ٹی ڈی سی کی انتھک محنت کو سراہا۔

مزید : کامرس