پاکستان اور برطانیہ بہترین کاروباری شراکت دار ہیں :بزٹس ڈپٹی ہائی کمشنر

پاکستان اور برطانیہ بہترین کاروباری شراکت دار ہیں :بزٹس ڈپٹی ہائی کمشنر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر ایلن برنس نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں تجارتی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اجلاس میں سہیل لاشاری، میاں نعمان کبیر، تہمینہ چودھری، نعیم حنیف، شاہد نذیر، اویس سعید پراچہ، خامس سعید بٹ، علی حسام اصغر، ڈاکٹر شاہد رضا، محمد چودھری، معظم رشید، ظفر اقبال اور نبیلہ انتصار بھی موجود تھے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ اچھے کاروباری شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان رابطوں کا فروغ باہمی تجارت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ مشترکہ کوششوں اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقعوں کی تلاش سے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ زرعی شعبے میں خاص مہارت رکھتا ہے اور اس شعبے کی بہتری کے لیے پاکستان کی بہت مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے وسیع مواقعوں سے مالامال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئرن ، لائم سٹون، کرومائٹ، چاندی، سونے، قیمتی و نیم قیمتی پتھروں، ماربل، کاپر اور گریفائٹ کے ذخائر سے مالامال ہے۔ انہوں نے برطانوی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ان کی پوٹینشل سے فائدہ اٹھائیں جس سے دونوں ممالک مستفید ہونگے۔

مزید :

کامرس -