پنجاب ترقی میں ترکی کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، وزیر صنعت و تجارت

پنجاب ترقی میں ترکی کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، وزیر صنعت و تجارت

لاہور(اے پی پی )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب کی ترقی میں ترکی کا کردار اہمیت کا حامل ہے اور پنجاب میں بہت سے پراجیکٹس میں ترکی کی معاونت درکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو صوبائی وزیر نے سی ای او پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ جہانزیب برانہ سے ایک ملاقات کے دوران کیا ، اس موقع پر مستقبل میں کاروباری شراکت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترکی کی تاجر برادری کو پاکستان میں کارپوریٹ فارمنگ،ہیلتھ کیئر اینڈ ٹور ازم کے سیکٹرز میں انویسٹمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ،جہانزیب برانہ نے کہا کہ بہت جلد استنبول میں ایک روڈ شو منعقد ہونے جا رہا ہے،جدھر پاکستانی مصنوعات بالخصوص لیدر،لائیوسٹاک اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں کو پروموٹ کرنیکا نادر موقع مل سکے گا۔ صوبائی وزیر انڈسٹریز نے بریفنگ پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی سرمایہ کاری کے شعبوں میں دلچسپی پنجاب کی انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے منفرد اہمیت کی حامل ہوگی،انہوں نے جہانزیب برانہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی زیر نگرانی پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے، جسکی بدولت تاجر برادری کو بھرپور معاشی فائدہ حاصل ہو رہا ہے اور پنجاب کی انڈسٹری مزید مستحکم ہورہی ہے۔

مزید : کامرس