سکولوں میں داخلوں کی شرح سو فیصد کرنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) سکولوں میں نئے بچوں کے داخلوں کی شرح سو فیصد کرنے کے لئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نئی حکمت عملی تیار کر لی ، محکمہ نے پرائمری سکولوں میں الگ سے ہیڈ ٹیچر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہان بی اے پاس اْستاد کو ہیڈ ٹیچر تعینات کریں۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر کے پرائمری سکولز میں الگ سے ہیڈ ٹیچر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس ضمن میں محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے پرائمری سکولوں میں سینئر ٹیچرز کو فوری طور پر ہیڈ ٹیچرز تعینات کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں صوبہ بھر کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو فوری طور پر الگ سے ہیڈ ٹیچر تعینات کرنے کا احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہان صرف گریجویٹ اْساتذہ کو ہی ہیڈ ٹیچر لگانے کے مجاز ہوں گے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری سکولز میں سو فیصد داخلوں کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے پرائمری سکولوں میں ہیڈ ٹیچر تعینات کا فیصلہ کیا گیا۔