پروفیسر خالد محمود روس میں ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کریں گے

پروفیسر خالد محمود روس میں ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کریں گے

لاہور(جنرل رپورٹر) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز ، لاہور جنرل ہسپتال کے معروف نیوروسرجن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود روس میں ہونے والی دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اینڈ ٹریننگ ورکشاپ میں بطور فیکلٹی ممبر شرکت کریں گے۔ دو روزہ کانفرنس 9سے 10نومبر کو روس میں منعقد ہورہا ہے جس میں اینڈوسکوپی کی مدد سے بغیر کھوپڑی کھولے دماغی رسولی ناک کے راستہ نکالنے کے طریقہ کار کے بارے ہینڈ آن ٹریننگ دی جائے گی۔ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ اس انٹرنیشنل ورکشاپ میں مختلف ممالک سے نیوروسرجنز شرکت کررہے ہیں تاہم شرکاء کو لیکچر اور تربیت فراہم کرنے کے لئے جرمنی ، روس اور پاکستان سے فیکلٹی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پروفیسر خالد محمودناک کے ذریعے اینڈوسکوپی کی مدد سے دماغی رسولیاں نکالنے کے پروسیجر کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ پروفیسر خالد محمود کا کہنا ہے کہ ان کی شرکت پاکستان کے لئے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے اور مذکورہ انٹرنیشنل ورکشاپ میں شرکت ان کے اپنے لئے بھی باعث فخر ہے۔

جنرل ہسپتال

مزید : میٹروپولیٹن 1