بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں واگزار کرانے کا سلسلہ جاری

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں واگزار کرانے کا سلسلہ جاری

لاہور(اپنے نمائندے سے )اوورسیز پاکستانیز کمیشن(اوپی سی)پنجاب کی مدد سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی 50 کروڑروپے مالیت کی 11 جائیدادیں ناجائز قابضین سے واگزار کرالی گئی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل اوپی سی، سید جاوید اقبال بخاری نے کمیشن کے افسران کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آغا محمد یوسف ، ڈائریکٹرز اسدنعیم،راجہ زبیر ،عشرت اللہ نیازی اور دیگر سنیئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔سید جاوید اقبال بخاری نے بتایاکہ لاہور،گوجرانوالہ،گجرات ، سیالکوٹ ، ننکانہ صاحب اوررحیم یارخاں کے اضلاع میں واقع اوورسیز پاکستانیوں کی ان جائیدادوں پر غیر قانونی طورپر قبضہ کیا گیاتھا۔ اوپی سی نے متعلقہ ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کی مدد سے ان جائیدادوں سے قبضہ ختم کراکے انہیں اصل مالکان کے حوالے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اوپی سی سمندرپارمقیم ہم وطنوں کے مسائل کے حل کیلئے ون ونڈوآپریشن کی سہو لیات فراہم کررہاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1