ڈی سی آفس میں اجلاس،چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا گنج بخشؒ کے انتظامات کا جائزہ

ڈی سی آفس میں اجلاس،چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا گنج بخشؒ کے انتظامات ...

لاہور(جنرل رپورٹر )ڈی سی لاہورسمیر احمد سیدکی زیر صدارت حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس نادر ہال میں ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام ، جلوس کے لائسنس ہولڈر ، ضلعی انتظامیہ ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس ، سپیشل برانچ، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا ،فوڈ اتھارٹی، لاہور پارکنگ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیعہ رہنماؤں نے جلوس کے لیے درکار انتظامات کے حوالے سے ڈی سی لاہور کو آگاہ کیا جس پر ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے سکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر لٹکتی تاروں کو فوری ہٹائیں اور واسا حکام پانی کی دستیابی کے لیے انتظامات کریں اور جلوس کے روٹ پر گٹر کے ڈھکنوں کو چیک کریں اورایل ڈبلیو ایم سی حکام صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ڈی سی لاہور نے ڈپٹی سی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ چہلم کے جلوس کے روٹ سے تجاوزات کو ختم کروائیں اور پیچ ورک کے کام کو جلد مکمل کریں۔ انہوں نے شیعہ رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی کہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی اور اگر کسی صورت میں لوڈ شیڈنگ ہو تی ہے تو اس کے لیے ضلعی انتظامیہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر متبادل کے طور پر جنریٹرزلگائے گی۔ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر ٹریفک پلان مرتب کر ے گی ۔

اجلاس

مزید : میٹروپولیٹن 1