پٹرول مہنگا کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا،ذکر اللہ مجاہد

پٹرول مہنگا کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ حکومت پچھلے تین ماہ سے مسلسل پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کر کے عوامی مشکلات بڑھا رہی ہے۔حکومت معاشی بحران کا شکار ہوچکی اس لیے ٹیکسوں کے ذریعے عوامی پیسہ لوٹ کا معاشی خصارہ پورا کرنے کی کوشش کی جاری ہے ۔ہمارے حکمران ساڑھے چار سال سے غریب مکاؤ پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں جس سے غریبوں اورعام شہریوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے اور انُ کے مالی وسائل کو مزید محدود کر کے زندہ درگور کیا جا رہا ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دارالہٰدی ماڈل ٹاؤن میں ضلعی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، ضیا ء الدین انصاری ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، عمر شہباز و دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے اس فیصلے سے مزید مہنگائی کا طوفان برپا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ صرف ایک چیز میں اضافہ نہیں بلکہ جب پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو اس کے اثرات براہ راست بنیادی اشیائے ضروریہ پر مرتب ہوتے ہیں ۔ ہمارے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کا شمار اشیائے تعیش نہیں بلکہ اشیائے ضروریہ میں ہوتاہے۔

ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1