سری لنکا کے سالانہ ایوارڈز ، رنگنا ہیراتھ کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ باؤلر کے ایوارڈز لے اڑے
کولمبو (نیٹ نیوز) رنگنا ہیراتھ نے سری لنکا کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز میں کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ باؤلر آف دی ایئر ایوارڈز لے اڑے، آسیلا گونارتنے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بہترین آل راؤنڈر سمیت ٹی ٹونٹی بیٹسمین آف دی ایئر اور موسٹ پرومیسنگ کرکٹر قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب کولمبو میں منعقد ہوئی، سابق بھارتی کپتان کیپل دیو تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں جون 2016ء سے جون 2017ء کے دوران تینوں فارمیٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا، ہیراتھ جنہوں نے ایک سال کے دورانیے کے دوران 11 ٹیسٹ میچز میں 73 وکٹیں لی تھیں کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ باؤلر آف دی ایئر ایوارڈز لے اڑے، آسیلا گونارتنے کی کارکردگی بھی شاندار رہی جس کی وجہ سے وہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بہترین آل راؤنڈر سمیت ٹی ٹونٹی بیٹسمین آف دی ایئر اور موسٹ پرومیسنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کے حقدار ٹھہرے، دھانن جایا ڈی سلوا ٹیسٹ بیٹسمین آف دی ایئر، دلروون پریرا ٹیسٹ آل راؤنڈر آف دی ایئر، کوسل مینڈس ون ڈے بیٹسمین آف دی ایئر، سرنگا لکمل ون ڈے باؤلر آف دی ایئر، لاستھ مالنگا ٹی ٹونٹی باؤلر آف دی ایئر قرار پائے، ویمنز میں چماری اتاپتو نے ٹی ٹونٹی بیٹسمین آف دی ایئر اور ویمنز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کیا۔