شام میں اسرائیلی طیاروں کی شدید بمباری،بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود تباہ

شام میں اسرائیلی طیاروں کی شدید بمباری،بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود تباہ

تل ابیب /حمص(این این آئی)شام کے وسطی علاقے حمص کے قریب سرکاری فوج کے ایک اسلحہ گودام پر اسرائیل نے فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے’آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے حمص کے قریب حسیا کے مقام پر ایک اسلحہ ڈپو پر بمباری کی۔انسانی حقوق گروپ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا حملے کا نشانہ بننے والا گودام شامی فوج کا تھا یا حزب اللہ کے کی ملکیت تھا۔اسد رجیم کے حامی عسکری اتحاد کے ایک رہ نما نے بتایاکہ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی حمص میں ایک کاپر فیکٹری پر بمباری کی ہے۔اسد رجیم کے حامی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے حمص کے جنوب میں 35 کلو میٹر دور حسیا صنعتی شہر پر بمباری کی۔ یہ شہر دمشق کے شمال میں 112 کلو میٹر دور ہے۔ بمباری میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے جواب میں ان پر زمین سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل داغے تاہم اسرائیلی فوج کی ترجمان نے اس پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔اسرائیلی فضائیہ کا کہناتھا کہ حالیہ برسوں کے دوران اسرائیلی فوج نے شام میں اسد رجیم اور اس کی ایرانی پروردہ حزب اللہ ملیشیا کے قافلوں کو 100 سے زاید بار حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

مزید : عالمی منظر