لبنان،عراق،یمن میں حزب اللہ کا خاتمہ چاہتے ہیں،سعودی عرب

لبنان،عراق،یمن میں حزب اللہ کا خاتمہ چاہتے ہیں،سعودی عرب

تہران(این این آئی)ایرانی پاسداران انقلاب کے نزدیک شمار کی جانے والی نیوز ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب شام ، عراق اور یمن میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے وجود کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ایرانی نیوز ایجنسی نے اس بات کا اقرار کیا کہ حزب اللہ کے عناصر یمن میں حوثی ملیشیا کو تربیت دے رہے ہیں اور وہ عراق اور شام میں بھی جاری لڑائی میں براہ راست شریک ہیں۔ایجنسی نے جاری اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خلیجی امور ثامر السبہان کی جانب سے حزب اللہ ملیشیا پر روک لگانے سے متعلق بیان درحقیقت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زبانی سامنے آنے والی سعودی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

سعودی ولی عہد نے گزشتہ جمعے کو اپنے بیان میں یمن میں حوثی ملیشیا پر روک لگانے اور سعودی سرحد پر ایک دوسری حزب اللہ تشکیل پانے کی اجازت نہ دینے پر زور دیا تھا۔ایجنسی نے حزب اللہ ملیشیا اور اس کے حامیوں پر نئی امریکی پابندیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حزب اللہ کو ایران کا دست راست شمار کرتے ہیں لہذا حزب اللہ کے گرد گھیرا تنگ کر کے وہ خطے میں ایرانی رسوخ کو حجم کم کرنا چاہتے ہیں۔واشنگٹن نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا ہوا ہے۔

مزید : عالمی منظر