خطرناک ڈکیت گینگ کے 3ارکان سرغنہ سمیت گرفتار ، 11لاکھ نقدی ناجائز اسلحہ برآمد
لاہور(خبرنگار) سی آئی اے لاہورنے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے بنکوں اورATM مشینوں سے کیش لے کر نکلنے والے لوگوں کا تعاقب کرکے شارع عام پر گن پوائنٹ پر لوٹنے والے انتہائی خطرناک مون ڈکیت گینگ کے 3 ارکان کو سرغنہ سمیت گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے 11 لاکھ روپے نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمدکر لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شہر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سی آئی اے سیدندیم عباس کو ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔جس کے تحت ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائن میاں محمد شفقت اور ان کی نگرانی میں سپیشل پولیس ٹیمیں شہر بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سر گرم عمل ہیں۔ایس پی سی آئی اے نے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے خصوصی طور پرATMاوربنک سے کیش نکلواکرجانے والے عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے گینگ کی گرفتاری کا ٹاسک دیا۔پولیس ٹیم نے مختلف خفیہ معلومات کی روشنی میں مون ڈکیت گینگ کے سرغنہ محسن ر ضا عرف مون اور اس کے 2 ساتھیوں گلزار عرف گلزاری اور غلام مر تضیٰ کو گرفتارکرکے ملزمان کے قبضہ سے مختلف وارداتوں میں لوٹے ہوئے 11 لاکھ روپے اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیاہے۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں میں بنکس کے اندر اپنے ساتھی کو بھجواتے جو اپنے ساتھیوں کو بذریعہ فون اطلاع دیتا کہ کونسا شہر ی کتنے پیسے بنک سے نکلوا کر آرہا ہے اور دوسرے ملزمان شہری کاپیچھا کرتے اور ویران جگہ پرروک کر گن پوائنٹ پر کیش چھین کر فرار ہو جاتے۔ ابتدائی انٹیروگیشن کے دوران ملزمان نے لاہور کے مختلف علاقوں میں 34سنگین وارداتوں کا انکشاف کیاہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جو اس قبل بھی ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے متعددمقدمات میں جیل جا چکے ہیں اور جیل سے رہا ہوتے ہی نیا گینگ تشکیل دے کر دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے ہیں۔