دولہا کی شیروانی کی خراب سلائی پر پرویز دولہا ہاؤس کامالک طلب
لاہور(نامہ نگار)صارف عدالت نے دولہا کی شیروانی خراب سینے پر پرویز دولہا ہاؤس کے مالک کو 25نومبرکو طلب کرلیاہے۔صارف عدالت میں گڑھی شاہو کے شبیراحمد نے پرویز دولہا ہاؤس رام گڑھ کے مالک کے خلاف ایک لاکھ روپے ہرجانے کا دعوے دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کررکھاہے کہ اس کی شادی کے موقع پر سسرال والوں نے اسے شیروانی کا کپڑا بھجوایا کہ اسے بارات کے روز پہن کرآنا ہے ،اس نے شیروانی سلوانے کے لئے پرویز دولہا ہاؤس کے مالک کودی اور نیا ماپ بھی دیا لیکن جب شیروانی دی گئی تو یہ پیٹ پر سے تنگ تھی ،اس نے دولہا ہاؤس کے مالک کو شیروانی ٹھیک کرکے دینے کو کہا تو اس نے بتایا کہ شیروانی کی سلائی کرتے ہوئے اس کے اطراف میں کپڑے کی گنجائش نہیں چھوڑی گئی ،اس نے ماپ کے مطابق شیروانی سلائی کی ہے ،درخواست گزار شبیراحمد کا کہنا ہے کہ اس نے جب اپنا ماپ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ اس کی شیروانی نئے ناپ کے مطابق نہیں سلائی کی گئی ہے ،احتجاج کرنے پردولہا ہاؤس کے مالک نے بات سننے سے انکار کردیاہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اسے مذکورہ بالا ہرجانہ کی رقم دلوائی جائے جس پر عدالت نے مذکورہ دولہا ہاؤس کے مالک سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ہے۔