نااہل شخص کو سرکاری پروٹوکول شرمناک فعل ، نواز شر یف چوری بچانے کیلئے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں : عمران خان

نااہل شخص کو سرکاری پروٹوکول شرمناک فعل ، نواز شر یف چوری بچانے کیلئے اداروں ...

دھوڑ کوٹ ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے نواز شریف ثبوت دینے میں ناکام رہے،اسی لیے اپنی چوری بچانے کی خاطر اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں،نواز شریف سوا سال سے ایک بھی ثبوت دینے میں ناکام رہے، ملک میں کمزور اور طاقتور کیلئے الگ الگ قانون بدلنا ہو گا۔گزشتہ روز بہاولپور کے علاقے دھوڑ کوٹ میں جلسے سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا خیبر پختونخوا میں چھانگا مانگا جیسے 40 جنگلات اگائے جبکہ پنجاب حکومت نے کول پاور پلانٹ لگا دیئے، جس سے آلودگی مزید پھیلے گی، اقتدار میں آ کر جنگلات اگائیں گے اور ماحول کو بہتر بنائیں گے۔ اگلی بار پورے پاکستان میں درخت لگائیں گے، کسان خوشحال ہوتا ہے تو ملک خوشحال ہوتا ہے، بھارت میں حکومت کسان کی مدد کرتی ہے، اقتدار میں آ کر کسانوں کیلئے بہترین پالیسیاں بنائیں گے، چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین نے اپنے کسانوں کی مدد کی، تحریک انصاف سب سے زیادہ پیسہ اور سہولتیں اپنے کسانوں کو دے گی ۔ کرپشن قوموں کو تباہ کر دیتی ہے، مغرب میں بیروزگار نوجوانوں کو الاؤنس ملتا ہے، پاکستانیوں نے دبئی میں 800 ارب کی جائیدادیں خر ید یں، 800 ارب پاکستان میں خرچ ہوتا تو بیروزگاری کم ہوتی، حکمران پیسہ چوری کر کے بیرون ملک لے جاتے ہیں، قرضوں کا پیسہ چھوٹا سا کرپٹ ٹولہ چوری کر کے باہر لے گیا ہے۔قبل ازیں اپنے ٹوئٹ پیغام میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو لندن سے واپسی پر پروٹو کول دینے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کرپشن کے سنگین مقدمات میں مطلوب شخص کو شاہانہ پروٹوکول کیسے دیا جا سکتا ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کالے دھن کے تحفظ کیلئے نواز شریف کی مدد کر رہے ہیں ۔ کرپشن کے ملزم کو پروٹو کول دینا شرمناک عمل ہے، شاہد خاقان عباسی نے ایسا کر کے خود کو بے توقیر کیا ہے۔کرپشن کے ملزم کے پروٹوکول پر قوم کے ٹیکس کا پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ بے شمار کرپشن کے مقدمات کے ملزم کو ٹیکس کے پیسے سے پنجاب ہاؤ س میں کیسے ٹھرایاجا سکتا ہے۔ نواز شریف نے قومی دولت لوٹ کر 300 ارب بیرون ملک بھیجے ہیں اور اب نواز شریف احتساب عدالتوں میں کرپشن کے مقدمات بھگت رہے ہیں۔ حکومت کا نواز شریف کو پروٹوکول جرم کوخوشنما بنانے کی کوشش ہے اور وزیراعظم شاہد خاقان نواز شریف کی کرپشن چھپانے میں مدد کر رہے ہیں۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول