نواز شریف کو اقتدار سے باہر رکھنا کسی انسان کے اختیار میں نہیں: مریم نواز

نواز شریف کو اقتدار سے باہر رکھنا کسی انسان کے اختیار میں نہیں: مریم نواز

لاہور (جنرل رپورٹر)مسلم لیگ ( ن )کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے واپس آنا ہی تھا اگر کچھ لوگوں کو ان کی واپسی سے مایوسی ہوئی ہے تو میں کیا کہہ سکتی ہوں،میاں نوازشریف کواقتدار سے باہر رکھنا کسی انسان کے بس میں نہیں ،اقتدار کے فیصلے سب سے پہلے اللہ تعالی اور اس کے بعد پاکستانی عوام کے فیصلے ہیں ، اسحاق ڈار سے رنجش کی بات میں کوئی حقیقت نہیں اور ایسی توقعات رکھنے والوں کو ناکامی ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120کے دورہ کے موقع پر رکن پنجاب اسمبلی میاں ماجد ظہور کے دفتر میں یونین کونسل 57کے بلدیاتی نمائندوں، لیگی عہدیداروں اور متحرک کارکنوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے باہر رکھنا کسی انسان کے بس میں نہیں اور انشا اللہ مسلم لیگ (ن) دوبارہ اقتدار میں آئے گی کیونکہ اقتدار کے فیصلے سب سے پہلے اللہ تعالی اور پھر پاکستانی عوام کے فیصلے ہیں ۔ انہوں نے اسحاق ڈار کی جانب سے سے رنجش کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس بات میں کوئی حقیقت ہے او رنہ ہو گی،ایسی توقعات رکھنے والوں کو صرف ناکامی ہو گی۔قبل ازیں مریم نواز نے بلدیاتی نمائندوں اور لیگی عہدیداروں سے حلقے اور ان کے علاقوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی اور انہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

مریم نواز

مزید : صفحہ اول