منہالہ کے مکینوں کا گیس کی بندش کیخلاف گلبرگ دفتر کے سامنے احتجاج

منہالہ کے مکینوں کا گیس کی بندش کیخلاف گلبرگ دفتر کے سامنے احتجاج

لاہور(خبرنگار) ہڈیارہ کے نواحی گاؤں منہالہ کے مکینوں نے سوئی گیس کی بندش کے خلاف گزشتہ روز گیس کمپنی کے دفتر واقع گلبرگ کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ڈنڈے اور سوٹے اٹھا رکھے تھے اور احتجاج کے دوران مشتعل ہو کر گیس کمپنی کی گاڑی کے شیشے توڑ دئیے جبکہ سیکیورٹی گارڈوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ نو دنوں سے ان کے گھروں میں گیس نہیں آ رہی اور بار بار شکایت درج کروانے کے باوجود گیس حکام ٹس سے مس نہ ہیں۔ تاہم جی ایم سوئی گیس کے حکم پر ڈپٹی چیف انجینئر خرم علی نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ اگلے چند گھنٹوں میں گیس کی سپلائی میں پیدا ہونے والے تعطل کو دور کر دیا جائے گا جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔

مزید : صفحہ آخر