ناصرعباس شیرازی کی جبری گمشدگی میں رانا ثنا ء اللہ ملوث ہیں، اسد عباس نقوی

ناصرعباس شیرازی کی جبری گمشدگی میں رانا ثنا ء اللہ ملوث ہیں، اسد عباس نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہورر( کرائم رپورٹر،ایجوکیشن رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ناصرعباس شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب حکومت کے زیر اثر سیکیورٹی ادارے ملوث ہیں ، پولیس کی طرف سے تاحال ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا افسوس ناک ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری ایف آئی آر درج کر کے مجرموں کیخلاف کاروائی کی جائے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے اعجاز چودھری، پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور، جماعت اسلامی کے امیر العظیم، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا، جمیعت علمائے پاکستان کے امجد چشتی، ایم ڈبلیو ایم کے علامہ مبارک موسوی، آئی ایس او کے مرکزی صدر انصر مہدی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔ اسد نقوی کا کہنا تھا کہ رانا ثنا ء اللہ کی ملت جعفریہ سے دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی میں وہ ملوث ہیں،ان کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج نہ کر کے پولیس قانون اور آئین کو پامال کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کل لاہور پریس کلب سے ایوان اقتدار تک بھر پور احتجاجی ریلی نکالیں گے اور ملک بھر میں بھی احتجاجی مظاہرے ہونگے ۔ پی ٹی آئی کے اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس شریف خاندان کی آلہ کار بن چکی ہے، ہم ناصر شیرازی کے اغواء کی مذمت کرتے ہیں اور ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ کور کمانڈر لاہور اور ڈی جی رینجرز کو آپریشن ردالفساد کے تحت ایکشن لینا چاہئے اور ناصر شیرازی کو اغوا کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہئے۔ جے یو پی کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی کا کہنا تھا کہ ناصر شیراز ی کو رانا ثناء اللہ نے اغوا کروایا ہے، اور ان کی بازیابی تک جے یو پی ہر احتجاج میں شامل رہے گی۔ امیر العظیم نے کہا کہ ناصر شیرازی کا اغوا حکومت کی نااہلی کاواضح ثبوت ہے۔ سیف سٹی کا دعوی کرنے والی حکومت بتائے کہ ناصر شیرازی کو زمین کھاگئی یاآسمان نگل گیا۔ سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضانے کہا کہ ناصر شیرازی کو ان کی اہلیہ کے سامنے اغوا کرنا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے سوموٹو ایکشن لے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل اڑھائی بجے لاہور پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ مبارک موسوی اور اسدعباس نقوی کریں گے۔
جبری گمشدگی

مزید :

صفحہ آخر -