تعلیمی ادارے قرآن کریم کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، عبدالغفور حیدری
اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ کے ڈپٹی چئیرمین ٗ مولانا عبدالغفوری حیدری نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قرآنک سائنسسز پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو قرآنی تعلیمات کے فروغ اور تجوید کے ساتھ قرآن کریم پڑھانے اور سمجھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان کا مطلب کیا:لااِلہٰ اِلا اﷲ"کا نعرہ نئی نسل تک پہنچانا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ صرف ایک نعرہ نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے پورا نظام حیات ہےٗ یعنی کہ پاکستان کا مطلب ایک اسلامی ریاست ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے قرآن کریم کو اصل مفہوم میں سمجھانے اور قرآنی تعلیمات عام کرنے کے لئے "عبدالودود سینٹر برائے قرآنک سائنسسز"قائم کرکے ایک احسن اقدام کیا ہے اور دیگر جامعات کے لئے ایک مثال بھی قائم کی ہے۔وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ مقررین میں قاری سید بزرگ شاہ الاظہری ٗ اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ قرآن و تفسیر کے چئیرمین ٗ ڈاکٹر قاری تاج افسر ٗ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسسز ٗ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان اور عبدالودود سینٹر برائے قرآنک سائنسسز کے فوکل پرسن ٗ عبدالباسط مجاہد شامل تھے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک رہتی دنیا تک سرچشمہ ہدایت ہے جس سے ہم فیضیاب ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو 14۔ریسرچ جرنل کی اشاعت کا اعزاز حاصل ہے جس میں ایک جرنل سیرت اسٹڈیز پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اسلامی تعلیمات کے فروغ اورقرآن و سنت کی روشنی میں عہد حاضر کے مسائل کا حل تلاشنے کے لئے200موضوعات پر مشتمل "خطبات اسلام آباد"کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ۔
عبدالغفوری حیدری