کلمہ حق کی دعوت ہر انسان تک پہنچانا اب ہمارے ذمہ ہے: حاجی عبدالوہاب

کلمہ حق کی دعوت ہر انسان تک پہنچانا اب ہمارے ذمہ ہے: حاجی عبدالوہاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رائیونڈ (آن لائن) فرزاندان اسلام کا عظیم الشان 66واں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں2نومبرکو بعد نماز عصر امیر جماعت مولانا حاجی عبد الوہاب کے بیان سے شروع ہوگیا ۔تبلیغی اجتماع میں پاکستان سمیت دنیابھر سے مسلمان تزکیہ نفس کیلئے رائیونڈ پنڈال میں جمع ہورہے ہیں،حاجی عبدالوہاب نے اپنے افتتاحی بیان میں کہا کہ دعوت تبلیغ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اسلام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے، آج کے دور میں اس کی اشد ضرورت ہے، دعوت تبلیغ کا فلسفہ بھی یہی ہے کہ اللہ کے احکامات کو دوسروں تک پہنچائیں، یہ کام اللہ رب العزت نے نبیوں کے ذمہ لگایا جنہوں نے اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کی ،سوا لاکھ انبیاء کو دنیا میں معبوث فرماکر انسانیت کی بھلائی کا معاملہ کیا، ہر کلمہ گو کے دل میں تڑپ پیداکرکے کلمہ حق کی دعوت کو ہر انسان تک پہنچانا اب ہمارے ذمہ ہے، جہنم سے نجات اورجنت کی کنجی حاصل کرنے کا واحد ر استہ تبلیغ ہے، دنیا کے ہر کونے میں پھیل کر دعوت و تبلیغ کی محنت کرنا ہوگی اور اس محنت کی کامیابی کے لئے اللہ سے رو رو کر دعائیں کرنا ہوں گی، امت کی بھلائی کے لئے اپنا مال وجان اور وقت لگانا صدقہ جاریہ اور اس میں ہم سب کی بھلائی اور نجات ہے، اس نیک کام کو کرنے والے آخر ت میں بہت اجر پائیں گے اور جنت میں ان کا مقام ہوگا، اس نیک کام میں بہت سی رکاوٹیں ہیں اور شیطان راستہ روکنے کی ہر ممکن کوشش کرتاہے لیکن اللہ کی رضاکے لئے آگے بڑھتے رہیں اور صبر وتحمل اور استقامت سے اس کارخیر کا حصہ بنے رہیں۔تبلیغی مرکز رائیونڈ کے استاد مولانا جمیل الرحمن نے کہا کہ اسلامی شعائر کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابیاں ہیں ،تبلیغی مشن انسانیت کی بھلائی کیلئے ہے،دین اسلام منزل من اللہ ہے جسے بنی نوع انسان تک پہنچانے کیلئے انبیائے کرام نے ذمہ داری نبھائی ، نبی مکرم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ چونکہ آخری نبی مبعوث کئے گئے ،اب ہر انسان تک اللہ کی وحدانیت اور سنت رسول اللہ ﷺ کا پیغام پہنچانا امت محمدیہؐ کے فرائض میں شامل ہے۔ اجتماع کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد احمد لاڈ نے کہا کہ قرآن پاک ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس طرح ہر مشینری کے ساتھ ایک کیٹلاک ملتی ہے کہ اس مشین کو کس طرح چلانا ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے انسانی مشینری کو چلانے کیلئے قرآن کی صورت میں ایک کتاب دی ہے تاکہ انسان اپنے آپ کو اس کے مطابق چلائے جبکہ نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ قرآنی اصولوں کے مطابق بہترین نمونہ ہے ،تمام انسانیت کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے احکامات اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺکے طریقوں پر چلنے میں ہے اسی محنت کو لے کر تبلیغی جماعت کے لاکھوں افراد جماعتوں کی شکل میں دنیا بھر میں دعوت و تبلیغ کا عظیم کام کررہے ہیں تاکہ دنیا میں اسلام کا بول بالا ہوسکے ،انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ بھی ذ ہنی طور پر انتشار کا شکار ہے،مسلمان کہلوانے والے یہودوہنود کے نقش قدم پر چل کر ترقی کے مراحل طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں جنہیں اپنے اصل پر لانے کی ضرورت ہے ، دیندار لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھٹکی ہوئی امت کو سیدھے راستے پر لگائیں ،شریعت محمدیہ ؐ کے مطابق بھٹکے ہوؤں کو راہ ہدایت پر لانے کی جستجو کرنا بھی ان کی بھلائی ہے اور دین اسلام بھلائی کا دین ہے جس میں صرف مسلمانوں کا ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی بھلائی اور خیر خواہی کا درس موجود ہے ۔ آج جمعہ کے روز بعدنماز فجر امیر مرکزیہ حاجی عبدالوہاب،بعدنماز جمعۃ المبارک مولانا طارق جمیل ،بعدنماز عصر مولانا فہیم احمد اور بعدنماز مغرب مولانا محمد احمد بہاولپوری بیان فرمائیں گے ۔

مزید :

صفحہ آخر -